پی سی بی نے ملک بھر کے سکولوں میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز کر دیا

01:18 PM, 23 Sep, 2025

لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک کے مختلف علاقوں کے سکولوں میں نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو دریافت کرنے کے لیے ایک بڑا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیا ہے۔ اس پروگرام کا افتتاح کراچی کے کریسنٹ ماڈل ہائر سکول میں ہوا، جہاں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ٹورنامنٹ کی ٹرافی متعارف کرائی اور کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ پروگرام میں حصہ لینے والی ٹیموں کو پی سی بی کے کٹ بیگز بھی دیے گئے۔

محسن نقوی نے بتایا کہ اس سال 391 سکولز اس مقابلے میں شامل ہیں، جن میں 175 سرکاری اور 218 نجی سکولز شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد نئے کرکٹ کے ستارے تلاش کرنا ہے جو مستقبل میں قومی ٹیم کا حصہ بن سکیں۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے طلباء کو مختلف عمر کی کیٹیگریز میں ریجنل ٹیموں اور اکیڈمیوں میں شامل کیا جائے گا، تاکہ نوجوان تعلیم کے ساتھ کرکٹ میں بھی ترقی کر سکیں اور پیشہ ورانہ کیریئر بنا سکیں۔

افتتاحی تقریب میں پی سی بی کے دیگر حکام، تعلیمی اور کھیلوں کے اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں