انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے نو مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی درخواستیں مسترد کر دیں

12:13 PM, 23 Sep, 2025

راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے دوران بانی تحریک انصاف کی طرف سے دائر کی گئی دو درخواستیں خارج کر دیں۔ عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کی، جس میں بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل ملک اور سلمان اکرم راجہ سمیت پراسیکیوٹرز بھی موجود تھے۔

بانی پی ٹی آئی کی جانب سے ایک درخواست میں عدالت سے سی سی ٹی وی فوٹیج فراہم کرنے کی درخواست کی گئی تھی، جبکہ دوسری درخواست میں جیل ٹرائل کو ہائی کورٹ کے حکم تک مؤخر کرنے کا مطالبہ تھا۔ وکیل فیصل ملک نے عدالت کو بتایا کہ موکل سے مشاورت کے بغیر وہ عدالت میں حصہ نہیں لینا چاہتے، لیکن عدالت نے واضح کیا کہ آپ ہائی کورٹ میں چیلنج کریں، یہاں کارروائی نہیں رک سکتی۔

پراسیکیوٹرز نے وکلاء صفائی پر عدالت کا وقت ضائع کرنے اور سماعت کا بائیکاٹ کرنے کا الزام عائد کیا۔ عدالت نے کہا کہ ٹرائل ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق جاری رہے گا اور کسی درخواست کی بنیاد پر اسے روکا نہیں جا سکتا۔ عدالت نے دونوں درخواستیں خارج کرتے ہوئے سماعت جاری رکھنے کا حکم دیا۔

مزیدخبریں