صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مسلم ممالک سے اہم ملاقات، غزہ سے متعلق تجاویز زیرِ غور

10:18 AM, 23 Sep, 2025

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج عرب اور مسلم ممالک کے اہم رہنماؤں سے ملاقات کریں گے، جس میں غزہ میں جنگ بندی کے بعد کی صورتحال پر بات چیت کی جائے گی۔

امریکی میڈیا کے مطابق، صدر ٹرمپ اس ملاقات میں یہ تجویز پیش کریں گے کہ عرب اور مسلم ممالک غزہ میں امن دستے بھیجیں تاکہ اسرائیلی فوج کا انخلا ممکن بنایا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ امریکہ یہ بھی چاہتا ہے کہ یہ ممالک غزہ میں انتظامی کنٹرول اور مالی مدد کی ذمہ داری سنبھالیں۔

رپورٹس کے مطابق، اس منصوبے کے تحت ایک ایسے غزہ کی بات ہو رہی ہے جہاں حماس کا کوئی کردار نہیں ہو گا، اور حکومت کسی غیر جانبدار فریق کے حوالے کی جائے گی۔

صدر ٹرمپ سے ملاقات سے پہلے سعودی عرب، قطر، مصر، انڈونیشیا اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے ایک الگ مشاورتی اجلاس منعقد کیا، جس میں پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں غزہ کی موجودہ صورتحال اور ممکنہ آئندہ حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب غزہ میں ہزاروں جانیں ضائع ہو چکی ہیں، اور عالمی سطح پر جنگ بندی کے بعد ایک پائیدار حل کی تلاش جاری ہے۔

مزیدخبریں