گوگل کروم کے 3.5 ارب صارفین کے لیے ہنگامی سیکیورٹی اپ ڈیٹ جاری

08:33 PM, 23 Oct, 2025

کیلیفورنیا: دنیا کے سب سے مقبول ویب براؤزر گوگل کروم کے لیے ایک فوری سیکیورٹی اپ ڈیٹ جاری کی گئی ہے، جو ایک سنگین خامی کو درست کرنے کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔ یہ خامی تقریباً 3.5 ارب صارفین کے لیے خطرہ بن چکی تھی، جس کی بنا پر ان کے سسٹمز اور ذاتی معلومات کو شدید خطرہ لاحق تھا۔

ماہرین کے مطابق یہ خامی ایک ’’زیرو ڈے وَلنربلٹی‘‘ ہے، جسے ’’CVE-2025-6554‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس خرابی کا تعلق کروم کے V8 جاوا اسکرپٹ اور ویب اسمبلی انجن سے ہے، جس میں ’’ٹائپ کنفیوزن بگ‘‘ پایا گیا۔ اس خامی کے ذریعے ہیکرز خاص طور پر ڈیزائن کیے گئے ’’HTML صفحے‘‘ کے ذریعے صارف کے سسٹم پر ’’مضر کوڈ‘‘ چلانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس سے سسٹم کی سیکیورٹی کو شدید خطرہ ہو سکتا ہے۔

گوگل نے بتایا کہ یہ 2025 میں اب تک کی چھٹی ’’زیرو ڈے پیچڈ‘‘ خرابی ہے، جس کا فائدہ ہیکرز پہلے ہی اٹھا چکے ہیں۔ اس سے قبل ’’CVE-2025-4664‘‘ اور ’’CVE-2025-5419‘‘ جیسی خامیوں کی نشاندہی بھی ہو چکی ہے۔

گوگل نے اپنے صارفین کو فوری طور پر کروم کے ’’Settings → About Chrome‘‘ سیکشن میں جا کر براؤزر کے ورژن کی تصدیق کرنے کی ہدایت دی ہے، اور کہا ہے کہ ورژن 138.0.7204.96 یا اس سے جدید ہونا ضروری ہے۔ اپ ڈیٹ کے بعد، براؤزر کو ری اسٹارٹ کرنا ضروری ہے تاکہ سیکیورٹی پیچ مؤثر ہو سکے۔

اداروں اور کمپنیوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ فوراً اپنے سسٹمز کی اپ ڈیٹس مکمل کریں اور نیٹ ورک کی غیر معمولی سرگرمی پر نظر رکھیں۔ ماہرین نے یہ بھی کہا ہے کہ جب تک نئے سیکیورٹی پیچ انسٹال نہ ہوں، غیر محفوظ ویب سائٹس سے گریز کرنا بہتر ہے۔

یہ سیکیورٹی خرابی ایک سنگین مسئلہ بن چکی ہے، اور گوگل کروم کے صارفین کو اس اپ ڈیٹ کے ذریعے اپنے سسٹمز کو ہیکرز سے محفوظ بنانا ضروری ہے۔
 
 

مزیدخبریں