مریم نواز شریف کا "اپنی چھت، اپنا گھر" پراجیکٹ کی کامیابی پر اظہار تشکر

12:35 PM, 23 Oct, 2025

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے "اپنی چھت، اپنا گھر" پراجیکٹ کے تحت کم آمدن والے ایک لاکھ خاندانوں کو بلاسود قرضے فراہم کرنے کا ہدف کامیابی سے مکمل کر لیا۔ انہوں نے اس سنگ میل کو غریب خاندانوں کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا اور اس پر خوشی کا اظہار کیا۔

مریم نواز شریف نے بتایا کہ اس پراجیکٹ کے ذریعے 10 ماہ کے دوران 100,835 خاندانوں کو 120 ارب روپے کے قرضے دیے گئے ہیں، جن میں سے 22,305 گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جبکہ 64,190 گھروں کی تعمیر آخری مراحل میں ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس پراجیکٹ نے ہاؤسنگ کے شعبے میں نیا انقلاب برپا کیا ہے اور غریب عوام کو اپنا گھر ملنے کا خواب پورا کیا ہے۔ انہوں نے پراجیکٹ کی ٹیم کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ "10 ماہ میں ایک سال کے ہدف کا پورا کرنا ایک شاندار مثال ہے جو یہ ثابت کرتا ہے کہ ہم عوام کی خدمت میں کس قدر سنجیدہ ہیں۔"

اس موقع پر مریم نواز نے اپنے والد، سابق وزیراعظم نواز شریف کی کاوشوں کا بھی ذکر کیا، جنہوں نے ہمیشہ غریبوں کے لیے دل میں جگہ رکھی اور اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کی کوشش کی۔

وزیراعلیٰ نے عزم ظاہر کیا کہ حکومت پانچ سالوں میں پانچ لاکھ گھروں کا ہدف پورا کرنے کے لیے پوری کوشش کرے گی اور اس منصوبے سے عام لوگوں کو یہ احساس ہوا ہے کہ ریاست ان کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔

مزیدخبریں