لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز کی "خدمت کی سیاست" کی بدولت مسلم لیگ (ن) آج ووٹرز کی پہلی ترجیح بن چکی ہے، اور شیر کا نشان اب جیت کا ضامن بن چکا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے پاکستان تحریک انصاف کے خالی پولنگ کیمپس کی ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے پولنگ کیمپس میں جہاں لوگوں کی بھرپور گہماگہمی ہے، وہیں تحریک انصاف کے پولنگ کیمپس سنسان پڑے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے پولنگ کیمپس میں کہیں خالی ٹینٹ لگے ہیں تو کہیں خالی کرسیاں نظر آ رہی ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے پولنگ کیمپس میں ووٹرز کا جم غفیر دکھائی دے رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ آئندہ ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار واضح اکثریت سے جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ایک لاکھ 10 ہزار گھر بنائے جا رہے ہیں، 3 لاکھ مریضوں کو مفت ادویات مل رہی ہیں، 20 ہزار کلومیٹر سے زائد سڑکیں بن چکی ہیں، 18 ہزار کسانوں کو ٹریکٹر دیے گئے ہیں، اور 25 ہزار نوجوانوں کو الیکٹرک بائیکس فراہم کی جا چکی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پورے پنجاب میں جدید الیکٹرک بسیں چل رہی ہیں، اور یہ سب ترقیاتی منصوبے عوام کو مسلم لیگ (ن) کی طرف متوجہ کر رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ لوگ اب صرف خدمت کو ووٹ دیتے ہیں اور نفرت و انتشار کی سیاست کو رد کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست عوام کے دلوں میں ہے، جبکہ مخالفین نے نتائج آنے سے پہلے ہی دھاندلی کا واویلا شروع کر دیا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے آخر میں کہا کہ عوام اب باشعور ہو چکے ہیں اور وہ صرف کھوکھلی تقریروں میں نہیں آتے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ لوگ جو نو مئی کے فسادات میں ملوث تھے اور شہداء کے مجسمے جلائے تھے، وہ اب کس منہ سے ووٹ مانگنے آ رہے ہیں؟ عوام ان کی حقیقت جان چکے ہیں۔