لاہور: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) نے پنجاب میں دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کا سدا بباب کرتے ہوئے صوبے کے 8 اضلاع میں بڑی سیکیورٹی کارروائیاں کی ہیں۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق، حساس انٹیلی جنس مانیٹرنگ کی بنیاد پر صوبے بھر میں 58 کامیاب آپریشنز (IBOs) کیے گئے، جس کے نتیجے میں 13 خطرناک دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ یہ الرٹ کارروائیاں لاہور، ساہیوال، ملتان، جہلم، منڈی بہاؤالدین، جھنگ، چنیوٹ اور میانوالی میں کی گئیں۔ ان کارروائیوں کی سب سے بڑی کامیابی صوبائی دارالحکومت لاہور سے 'فتنہ الخوارج' کے انتہائی مطلوب اور خطرناک دہشت گرد مختار کی گرفتاری ہے۔
ترجمان کے مطابق، گرفتار نیٹ ورک کے قبضے سے اہم شواہد برآمد کر لیے گئے ہیں اور تمام ملزمان کو مزید تفتیش اور نیٹ ورکنگ کے خاتمے کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ صوبے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ برقرار ہے اور سرچ آپریشنز کا دائرہ مسلسل بڑھایا جا رہا ہے۔