صدر ٹرمپ کا بڑا اعلان: یورپی یونین کی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا فیصلہ

11:23 PM, 23 May, 2025

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ یکم جون سے یورپی یونین سے درآمد کی جانے والی اشیاء پر 50 فیصد ٹیرف لگایا جائے گا، جس سے دونوں خطوں کے درمیان تجارتی تعلقات میں مزید کشیدگی پیدا ہونے کا امکان ہے۔

صدر ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کو امریکا سے تجارتی فائدے کے لیے قائم کیا گیا تھا، اور اس کے ساتھ تجارت کرنا ہمیشہ ایک پیچیدہ عمل رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ امریکا اپنی منڈی کے مفادات کا تحفظ کرے۔


یورپی یونین کے رہنماؤں نے امریکی صدر کے اس اعلان کو مذاکرات کے لیے غیر موزوں قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدامات بات چیت کی فضا کو خراب کرتے ہیں، تاہم وہ ضرورت پڑنے پر جوابی اقدامات کے لیے بھی تیار ہیں۔

فرانس کے وزیر تجارت نے کہا، "یہ فیصلہ تجارتی ماحول میں مزید تناؤ پیدا کر سکتا ہے، جو کسی کے لیے بھی فائدہ مند نہیں ہوگا۔"

دوسری جانب جرمنی کے وزیر معیشت نے کہا کہ تجارتی محاذ آرائی کا کوئی جیتنے والا نہیں ہوتا۔ ان کے بقول، "ہمیں مسائل کو گفت و شنید کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔ امریکا کی جانب سے تجارتی جنگ کا راستہ اپنانا ایک سنگین حکمت عملی اور معاشی غلطی ہے، جس کا نقصان دونوں طرف ہوگا۔"


ماہرین کے مطابق اگر دونوں فریق اپنے مؤقف میں نرمی نہ دکھائیں تو یہ تنازعہ عالمی تجارت پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔ اب دنیا کی نظریں واشنگٹن اور برسلز پر لگی ہیں کہ آیا وہ بات چیت کا دروازہ کھلا رکھیں گے یا ایک نئی تجارتی جنگ کا آغاز ہوگا۔

مزیدخبریں