لاہور : ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے دوسرے ایلیمنیٹر میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔
قذافی اسٹیڈیم، لاہور میں ہونے والے اس اہم مقابلے میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا۔ اننگز کا آغاز فخر زمان اور محمد نعیم نے کیا، تاہم فخر زمان 12 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد محمد نعیم اور عبداللہ شفیق نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، جنہوں نے بالترتیب 50 اور 25 رنز بنائے۔ کوشل پریرا نے شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 61 رنز اسکور کیے اور ٹیم کو ایک مضبوط مجموعہ دینے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے، جو ایک بڑا ہدف ثابت ہوا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز کو قلندرز کے باؤلرز نے قابو میں رکھا۔ ٹمل ملز نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سلمان ارشاد نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یونائیٹڈ ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام رہی، اور لاہور قلندرز فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میدان میں اتریں گے۔