خضدار حملہ بھارت کی 20 سالہ پراکسی وار کا تسلسل، فتنہ الہندوستان دہشتگرد گروہ ملوث:ڈی جی آئی ایس پی آر

05:20 PM, 23 May, 2025

اسلام آباد: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت نے گزشتہ بیس سالوں سے پاکستان میں ریاستی دہشتگردی کی حکمت عملی اپنائی ہوئی ہے، جس کی تازہ مثال خضدار میں پیش آنے والا دہشتگردانہ حملہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حملے میں ملوث دہشتگرد تنظیم "فتنہ الہندوستان" بھارتی پشت پناہی حاصل ہے اور بلوچستان کے عوام سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔

سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ گرفتار دہشتگردوں نے تفتیش میں بھارتی سرپرستی کا اعتراف کیا ہے اور انہیں مالی و عسکری مدد فراہم کی جاتی رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت بلوچستان سے لے کر لاہور تک دہشتگرد کارروائیاں کروانے میں ملوث ہے۔

خرم آغا نے خضدار حملے میں جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور یقین دہانی کرائی کہ ریاست دہشتگردوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور دہشتگردی کی روک تھام میں حکومت اور سیکیورٹی اداروں کا تعاون کریں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ حالیہ گرفتار دہشتگردوں کے قبضے سے مہنگا اور جدید اسلحہ برآمد ہوا ہے، جس کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں کہ یہ ہتھیار کس طرح دہشتگردوں تک پہنچتے ہیں۔ انہوں نے بھارتی میڈیا پر بھی سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ وہ جھوٹ اور پروپیگنڈہ پھیلا کر پاکستان کی صورتحال کو خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور دشمن کی سازشوں کو ہر سطح پر ناکام بنائے گا۔

مزیدخبریں