اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے خضدار میں سکول بس پر حملے کی شدید مذمت کر دی

01:41 PM, 23 May, 2025

نیویارک : اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بلوچستان کے خضدار میں سکول بس پر دہشت گرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اس حملے میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے، جن میں 4 لڑکیاں بھی شامل ہیں، جبکہ 53 افراد زخمی ہوئے، زیادہ تر بچے ہیں۔

سلامتی کونسل نے کہا ہے کہ یہ ایک بزدلانہ اور سنگدلانہ حملہ تھا اور ملوث افراد کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہیے۔ انہوں نے پاکستان کے عوام، حکومت اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا بھی اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردی عالمی امن کے لیے ایک بہت بڑا خطرہ ہے، اور ایسے حملوں میں شامل ہر شخص، چاہے وہ سہولت کار ہو، منصوبہ ساز ہو یا مالی مدد فراہم کرنے والا، قانون کے مطابق سزا پائے گا۔ اقوام متحدہ نے تمام ممالک سے کہا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

اسی طرح، پولینڈ نے بھی اس حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ پولش سفیر مکیج پسارسکی نے کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت عمل ہے اور کوئی بھی وجہ اس کو جائز نہیں بنا سکتی۔ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم ہونے پر خوشی ظاہر کی اور دونوں ممالک کے درمیان امن کے لیے پولینڈ کے عزم کو دوہرایا۔

مزیدخبریں