پاکستان کا جوہری پروگرام محفوظ ہے، جان بولٹن کے بیان پر دفتر خارجہ کا دو ٹوک جواب

09:59 AM, 23 May, 2025

اسلام آباد: دفتر خارجہ نے سابق امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن کے پاکستان کے جوہری ہتھیاروں سے متعلق بیان کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے سخت ردعمل دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اپنے جوہری ہتھیاروں اور ان کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم پر مکمل اعتماد رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جان بولٹن کا بیان بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے اشتعال انگیز بیانات کے بعد سامنے آیا، جو کہ ایک انتہا پسند سوچ رکھنے والی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں۔

ترجمان نے واضح کیا کہ اصل خطرہ بھارت کے جوہری ہتھیاروں سے ہے، جو ایسے لوگوں کے کنٹرول میں ہیں جو کھلے عام پاکستان اور مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز باتیں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اس بات پر فکر ہونی چاہیے کہ بھارت جیسے ملک میں جوہری ہتھیار ایسے انتہا پسند عناصر کے کنٹرول میں ہیں۔

دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بھارت میں جوہری بلیک مارکیٹ کا سامنے آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ وہاں نیوکلیئر سکیورٹی کا نظام ناقص ہے، جو خطے اور دنیا کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔

مزیدخبریں