اسلام آباد: آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے یومِ پاکستان کے موقع پر وزیرِاعظم شہباز شریف اور پاکستانی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، صدر علیوف نے وزیرِاعظم کو خصوصی خط ارسال کیا، جس میں انہوں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان اسٹریٹجک پارٹنرشپ اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات اور عالمی امور پر یکساں نقطہ نظر برادرانہ روابط کی عکاسی کرتے ہیں۔
صدر آذربائیجان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے گزشتہ دورۂ آذربائیجان کے دوران کیے گئے معاہدے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید وسعت دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں، حکومتی روابط اور مشترکہ منصوبے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مضبوط شراکت داری کی علامت ہیں۔
صدر علیوف نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور وزیراعظم شہباز شریف کی کامیابی کے لیے دعا کی۔