یوم پاکستان : گورنر ہاؤس میں اعلیٰ ترین سول اعزازات کی تقریب، ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیو نیوز، نصراللہ ملک کو تمغہ امتیاز سے نوازاگیا

03:01 PM, 23 Mar, 2025

لاہور : یوم پاکستان کے موقع پر لاہور میں گورنر ہاؤس میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو اعزازات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر نیو نیوز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نصراللہ ملک کو صحافت کے شعبے میں ان کی شاندار خدمات پر تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔

نصراللہ ملک نے صحافت کے میدان میں تین دہائیوں کا طویل سفر طے کیا اور ہمیشہ بے باک، نڈر اور غیر جانبدار انداز میں تجزیے پیش کیے۔ وہ اپنے تجزیوں اور بے لاگ تبصروں کے لیے معروف ہیں، جو سیاسی، سماجی، اور اقتصادی مسائل پر گہرائی سے روشنی ڈالتے ہیں۔ ان کی صحافتی خدمات میں قدرتی آفات اور سیلاب جیسے بحرانوں کے دوران متاثرین کی مدد کرنے کے لیے ہمیشہ فیلڈ میں پہنچنا شامل ہے۔

نصراللہ ملک نے ہمیشہ عوامی مسائل کو اجاگر کیا اور پاکستان کی سلامتی، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور ملکی سیاست پر اپنے تبصرے پیش کیے۔ ان کی غیر جانبداری اور مدلل گفتگو کی بدولت وہ عوام میں بہت مقبول ہیں، اور ان کے پروگرام "لائیو ود نصراللہ ملک" نے خاصی پذیرائی حاصل کی ہے۔

انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز پنجاب یونیورسٹی سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد کیا، اور پھر نوائے وقت اخبار اور اے آر وائے چینل میں کام کیا۔ نصراللہ ملک نے نہ صرف ملکی بلکہ عالمی ایونٹس کی رپورٹنگ بھی کی ہے، جن میں امریکی الیکشن کی کوریج شامل ہے۔

ان کی صحافتی خدمات اور محنت کا اعتراف کرتے ہوئے حکومت پاکستان نے انہیں تمغہ امتیاز سے نوازا ہے، جو ان کی طویل اور کامیاب صحافتی جدوجہد کا شاندار اعزاز ہے۔

مزیدخبریں