ہ پاکستان نے مسلسل محنت سے معاشی استحکام حاصل کر لیا ہے ، شہباز شریف

02:38 PM, 23 Mar, 2025

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے یوم پاکستان کے موقع پر قوم کو ایک ویڈیو پیغام دیا جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مسلسل محنت سے معاشی استحکام حاصل کر لیا ہے اور ادارہ جاتی اصلاحات کا عمل بھی جاری ہے۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم نے قائداعظم اور علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ آج کے دن 1940 میں قرارداد پاکستان منظور کی گئی، جس نے پاکستان کا نصب العین واضح کیا اور اسے ایک خودمختار ملک بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آج آزاد قوم ہے اور اس کی خودمختاری کسی بھی صورت میں کمزور نہیں ہو سکتی۔

شہباز شریف نے پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کو سراہا، خاص طور پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج، رینجرز، پولیس اور سکیورٹی اداروں کے کردار کو تسلیم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری فوج شجاعت اور شہادت کے جذبے سے سرشار ہے اور وہ پاکستان کی شان بڑھا رہی ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کے شہری اپنے شعبوں میں محنت کر کے نئے امکانات پیدا کر رہے ہیں، اور پارلیمنٹ، عدلیہ اور انتظامیہ اپنے آئینی فرائض بخوبی ادا کر رہے ہیں۔ آخر میں انہوں نے قوم سے عہد کیا کہ وہ دیانت، محنت اور لگن سے پاکستان کو ایک عظیم اور فلاحی ملک بنائیں گے۔

مزیدخبریں