یوم پاکستان: صدر زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کی قوم کو مبارکباد

10:58 AM, 23 Mar, 2025

اسلام آباد: یوم پاکستان کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم کو مبارکباد دی اور افواج پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ملک اس وقت سیاسی، معاشی اور سکیورٹی کے کئی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، لیکن ہماری بہادر فوج مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانیں قربان کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سالمیت کے دفاع میں پوری طرح ثابت قدم رہے گا اور ہر پاکستانی کو اپنے اختلافات بھلا کر ایک پُرامن اور خوشحال پاکستان کی طرف بڑھنا ہوگا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ ایک برس میں ہم نے ملک کی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے، جس سے افراط زر میں کمی آئی اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے۔ وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے اس تبدیلی کو تسلیم کر رہے ہیں۔ انہوں نے یوم پاکستان کے موقع پر شہداء کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں کو اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ ملک کی ترقی اور امن کے لیے اپنے تمام وسائل کو صرف کریں اور پاکستان کو ایک طاقتور اور خوشحال ملک بنانے کے لیے کام کریں۔

مزیدخبریں