اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امن اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا اور اپنے ایرانی بہن بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ثالثی کی صلاحیت پر ایران کے اعتماد پر شکر گزار ہیں۔ مفاہمتی یادداشت اور جنگ بندی کے لیے وقار اور عزت کے ساتھ دستخط کیے گئے۔
وزیراعظم نے ایرانی صدر کو دورہ پاکستان پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کی دعوت قبول کرنے پر مشکور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات قریبی بھائی چارے کی مثال ہیں اور دونوں ممالک روشن مستقبل کے لیے مل کر آگے بڑھ رہے ہیں۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال، دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، علاقائی امن و سلامتی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
شہباز شریف نے ایران کی قیادت اور عوام کے عزم و حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن مذاکرات کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اہم کردار ادا کیا۔