امریکہ ایران ڈائیلاگ اہم ترین سفارتی پیشرفت خطے میں استحکام اور امن کی جانب ایک عملی قدم ہے۔ یہ امریکہ کی ایسی سٹرٹیجک کمزوری ہے جس میں ایران کو نمایاں مراعات حاصل ہوئی ہیں لیکن اسکے بدلے میں مضبوط ضمانتیں حاصل نہیں کی گئیں۔ اسرائیل امریکہ ایران ڈائیلاگ کا شدید ناقد ہے۔ اسرائیلی قیادت ایران کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ کو روکنے کی اسکی طویل کوششوں کیلئے ایک دھچکا تصور کر رہی ہے۔ امریکہ ایران ڈائیلاگ سفارتی مفاہمت کی جانب بہتری کی ایک کلاسیکل مثال ہے۔ امریکہ کو ایران کے ساتھ فوجی تصادم میں کمی اور خطے میں استحکام پیدا کرنے کا موقع ملا ہے۔ امریکہ کیلئے مشرقِ وسطیٰ میں ایک اور بڑے فوجی تنازع سے بچنا بذاتِ خود ایک بڑی سٹرٹیجک کامیابی ہے۔ عراق اور افغانستان میں طویل اور مہنگی جنگوں کے بعد امریکی پالیسی سازوں میں یہ رجحان مضبوط ہوا ہے کہ براہِ راست عسکری مداخلت کے بجائے سفارتکاری کو ترجیح دی جائے۔ ڈائیلاگ سے خلیج میں کشیدگی کم کرنے میں کامیابی ہوئی ہے جو امریکی مفاد میں ہے۔
ایران اس ڈائیلاگ سے فوائد حاصل کرتا دکھائی دیتا ہے۔ معاشی دباو¿ میں کمی، منجمد اثاثوں تک رسائی اور تجارت و سرمایہ کاری کے نئے امکانات ایرانی معیشت کیلئے سہارا ثابت ہو سکتے ہیں جو برسوں سے پابندیوں کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے۔ ایران اپنے عوام اور حامیوں کے سامنے یہ تاثر قائم کرنے میں کامیاب ہوا ہے کہ اس نے کمزوری کے بجائے استقامت کی پوزیشن سے مذاکرات کیے۔ معاہدے کی صورت میں ایران کے میزائل پروگرام یا اسکے علاقائی اتحادیوں پر سخت نئی پابندیاں شامل نہیں ہیں لہٰذا ایران اسے اپنی سفارتی اور سیاسی کامیابی کے طور پر پیش کرے گا اور یہ مو¿قف اختیار کرے گا کہ اس نے بیرونی دباو¿ کا مو¿ثر انداز میں مقابلہ کیا۔ امریکہ ایران معاہدہ ایسا لین دین پر مبنی سمجھوتہ ہوگا جس میں فریقین نے بعض مقاصد حاصل کیے اور بعض معاملات پر لچک دکھائی ہے۔ امریکہ کو کشیدگی میں کمی اور سفارتی گنجائش حاصل ہوئی ہے جبکہ ایران کو معاشی ریلیف اور اپنی سٹرٹیجک حیثیت کے اعتراف کا فائدہ ملا۔ دونوں اپنی تمام خواہشات پوری نہیں کر سکے لیکن کوئی بھی مذاکراتی میز سے خالی ہاتھ نہیں لوٹا۔
اسرائیل کا مو¿قف طویل عرصے سے یہ رہا ہے کہ ایران کے ساتھ کسی بھی معاہدے میں تہران کی عسکری صلاحیتوں، میزائل پروگرام اور خطے میں اسکے اتحادی گروہوں کی حمایت پر نمایاں پابندیاں عائد کی جانی چاہئیں۔ اسرائیل کا خیال ہے کہ اگر ایران پر معاشی دباو¿ کم کر دیا گیا اور اسکی سٹرٹیجک صلاحیتوں کو محدود نہ کیا گیا تو یہ صورتِ حال اسکے سب سے بڑے علاقائی حریف کو مزید مضبوط بنا دے گی۔ اسرائیل کیلئے امریکہ اور ایران کے مابین ہونے والی مثبت پیشرفت بڑا دھچکا ہے۔ ایران کے خلاف پابندیوں میں نرمی ایران کو اپنی معیشت بحال کرنے اور خطے میں اپنا اثرورسوخ بڑھانے کا موقع فراہم کرتی ہے تو اسرائیل کو مستقبل میں زیادہ پراعتماد اور معاشی طور پر مضبوط ایران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ امریکہ اور ایران کے درمیان پگھلتی ہوئی برف اسرائیل کی عسکری کارروائیوں کے دائرہ کار کو محدود کرتی ہے تو اسرائیلی خدشات مزید بڑھ سکتے ہیں۔ اسرائیل کو امریکہ ایران ڈائیلاگ کا واحد نقصان اٹھانے والا فریق قرار دینا غلط نہیں ہو گا۔ اسرائیل آج بھی خطے کی جدید عسکری طاقت ہے اور امریکہ کیساتھ اسکے قریبی سٹرٹیجک تعلقات ہیں۔ امریکہ ایران پیشرفت اسرائیلی مقاصد کے حصول کو پیچیدہ تو بناتی ہے لیکن اسکی بنیادی دفاعی صلاحیتوں کو ختم نہیں کرتا۔
اس پیشرفت کا دلچسپ پہلو پاکستان کا کردار ہے۔ پاکستان نے امریکہ اور ایران کے مابین رابطوں اور مذاکرات کی راہ ہموار کرنے میں مو¿ثر کردار ادا کیا ہے ۔ اس لئے یہ پاکستان کی سفارتی تاریخ کی اہم کامیابی ہے۔ دہائیوں سے پاکستان کا بین الاقوامی تشخص زیادہ تر سکیورٹی مسائل، علاقائی تنازعات اور معاشی چیلنجز کے تناظر میں دیکھا جاتا رہا تاہم پاکستان کی مدد سے دو دیرینہ حریفوں کے مابین کامیاب سفارتی رابطہ کاری نے پاکستان کو عالمی سطح پر نئے زاویے سے متعارف کرایا ہے۔ ایسے ذمہ دار ملک کے طور پر جو عالمی امن اور تنازعات کے حل میں مثبت کردار ادا کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ پاکستان کی عالمی ساکھ کیلئے اس ثالثی کے اثرات اہم ہیں۔ بین الاقوامی سفارتکاری میں کامیاب ثالثی کسی بھی ملک کی ساکھ اور اعتماد میں اضافہ کرتی ہے۔ یہ اس بات کی علامت ہے کہ مختلف فریق اس ملک پر اعتماد کرتے ہیں اور وہ متضاد مفادات رکھنے والی طاقتوں کیساتھ بیک وقت تعلقات برقرار رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پاکستان کیلئے یہ موقع امریکہ، ایران اور دیگر علاقائی ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا ذریعہ بنا ہے۔
بھارت طویل عرصے سے خود کو ابھرتی ہوئی عالمی طاقت اور بین الاقوامی امور میں اہم کردار ادا کرنیوالے ملک کے طور پر پیش کرتا رہا ہے۔ پاکستان نے بڑے بین الاقوامی تنازع میں ثالثی کے ذریعے نمایاں سفارتی کامیابی حاصل کی ہے۔ اس لئے بھارت عالمی توجہ اپنی جانب مبذول کرنے کی ہر ممکن کوشش کریگا اور پاکستان کے بارے میں منفیت کو بڑھانے کی کوشش کرے گا۔ امریکہ ایران سفارتی پیشرفت نے پاکستان کی بھارت کے خلاف 10 مئی 2025 کی جنگ میں فتح کے بعد جنوبی ایشیا میں طاقت کے توازن کو مزید تبدیل کرکے رکھ دیا ہے۔ یہ پاکستان کی قابلِ ذکر اور قابل فخر کامیابی ہے۔ امریکہ ایران معاہدے کی پائیداری کے امکانات روشن ہیں کیونکہ امریکہ شدید دباو¿ میں ہے۔ امریکہ ایران تعلقات دہائیوں سے عدم اعتماد، نظریاتی اختلافات اور متضاد علاقائی مفادات سے متاثر رہے ہیں۔ ماضی میں مختلف معاہدے سیاسی مخالفت، قیادت کی تبدیلی اور بدلتے ہوئے سٹرٹیجک حالات کے باعث مشکلات کا شکار ہوئے۔ حالیہ ڈائیلاگ کی کامیابی اور بقا کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ آیا دونوں فریق اس سے حاصل ہونے والے فوائد کو اسکی قیمت سے زیادہ اہم سمجھتے رہتے ہیں یا نہیں۔ خطے میں نئے تنازعات، امریکہ یا ایران کے مابین سیاسی مخالفت، پابندیوں سے متعلق نئے اختلافات یا غیر ریاستی عناصر کی کارروائیاں اعتماد کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ اسی طرح اگر کسی ایک فریق کو یہ محسوس ہونے لگے کہ معاہدے سے دوسرے فریق کو غیر متناسب فائدہ حاصل ہو رہا ہے تو اسکی حمایت کمزور پڑ سکتی ہے۔
امریکہ ایران ڈائیلاگ نہ تو کسی ایک فریق کی غیر مشروط فتح ہے اور نہ ہی کسی کی ذلت آمیز شکست۔ یہ ایسی سٹرٹیجک مفاہمت ہے جو اس حقیقت کے اعتراف سے جنم لیتی ہے کہ مسلسل محاذ آرائی کی قیمت بہت زیادہ ہوتی ہے۔ امریکہ کو کشیدگی میں کمی اور سفارتی لچک حاصل ہوئی ہے، ایران کو معاشی ریلیف اور اپنی سٹرٹیجک حیثیت برقرار رکھنے کا موقع ملا ہے جبکہ اسرائیل کو ایک مضبوط ایران کے ممکنہ اثرات پر تشویش لاحق ہے۔ نمایاں سفارتی فائدہ پاکستان کے حصے میں آتا دکھائی دیتا ہے جو ایک ایسے وقت میں مکالمے اور رابطے کا سہولت کار بن کر سامنے آیا ہے جب دنیا کو مو¿ثر ثالثوں کی اشد ضرورت ہے۔ چاہے یہ معاہدہ طویل عرصے تک قائم رہے یا وقت کے ساتھ کمزور پڑ جائے، مخالف فریقوں کو مذاکرات کی میز پر لانے میں پاکستان کا کردار حالیہ برسوں کی اہم ترین سفارتی کامیابیوں میں ہمیشہ شمار کیا جاتا رہے گا۔
امریکہ۔ایران سٹرٹیجک مفاہمت اور پاکستان
09:09 AM, 23 Jun, 2026