لاہور: نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (این جی سی) نے نیپرا کی ہدایات کی روشنی میں "سیفٹی آگاہی مہم 2025" کے تحت 500 کے وی اور 220 کے وی گرڈ اسٹیشنز پر تربیتی سیمینارز کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
اس مہم کا بنیادی مقصد عملے کو حادثات سے بچاؤ، ذاتی تحفظ کے آلات کے درست استعمال اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تربیت فراہم کرنا ہے۔ سیمینارز کے دوران ابتدائی طبی امداد، سی پی آر، فیلڈ سیفٹی، اور نیپرا کے نئے ’پرمٹ ٹو ورک‘ طریقہ کار سے متعلق آگاہی دی گئی۔
ملک بھر کے مختلف شہروں بشمول لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، گجرات، کوئٹہ، اور جھمپیر میں گرڈ اسٹیشنز پر یہ سرگرمیاں جاری ہیں۔ ریسکیو 1122 کے تعاون سے فائر سیفٹی اور ایمرجنسی ریسپانس پر بھی خصوصی سیشنز منعقد کیے گئے۔
منیجنگ ڈائریکٹر این جی سی، انجینئر محمد شاہد نذیر نے مہم کو سراہتے ہوئے کہا کہ عملے کی تربیت اور حفاظت کمپنی کی اولین ترجیح ہے، اور اس مہم سے ادارے کی کارکردگی و تحفظ میں نمایاں بہتری آئے گی۔