ملک میں طوفانی بارشوں کا امکان، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

02:34 PM, 23 Jun, 2025

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے رواں ہفتے شدید بارشوں، آندھی، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر ملک بھر کے لیے وارننگ جاری کر دی ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیجِ بنگال سے داخل ہونے والے موسمی سسٹمز مغربی ہواؤں سے مل کر بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کا سبب بن سکتے ہیں۔ سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، خیبر پختونخوا کے پہاڑی اضلاع اور وفاقی دارالحکومت شامل ہیں۔

این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو فوری تیاری کی ہدایت دی ہے، جبکہ عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، احتیاطی تدابیر اپنائیں اور موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہیں۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں حالیہ بارشوں سے 6 افراد جاں بحق جبکہ کئی زخمی ہو چکے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، اور متعدد مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محتاط رہیں، خاص طور پر نشیبی اور پہاڑی علاقوں میں مقیم افراد، اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں مقامی ریسکیو ٹیموں سے فوری رابطہ کریں۔

مزیدخبریں