اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں ایک بھرپور خطاب کے دوران اسرائیل کے ایران پر حالیہ حملوں کو "جھوٹ کی بنیاد پر کی گئی جارحیت" قرار دیتے ہوئے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ ایران برسوں سے بے بنیاد الزامات کا سامنا کر رہا ہے اور حالیہ حملے بغیر کسی ثبوت کے کیے گئے، جن میں صحافی، شہری اور قیادت کو نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں سے نہ صرف ایران کی خودمختاری مجروح ہوئی بلکہ پورے خطے کی سلامتی خطرے میں پڑ گئی ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اسرائیل نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے بلکہ امریکی عوام کو بھی ایک ایسی جنگ میں دھکیل رہا ہے جس کی وہ حمایت نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ یہ حملہ صرف ایک ملک پر نہیں بلکہ خطے کے مستقبل پر ہے۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ "ہمارے خطے میں بھی نیتن یاہو کی ایک سستی کاپی ہے"، اور فخر کے ساتھ دعویٰ کیا کہ پاکستان نے اسے بیانیے اور سفارتکاری دونوں میدانوں میں شکست دی ہے۔