کراچی: سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ سندھ کابینہ کے اجلاس میں 22 نکاتی ایجنڈے کی منظوری دی گئی ہے، جس میں گٹکا اور ماوا کے خلاف سخت قوانین بنانے کا فیصلہ بھی شامل ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ گٹکا اور ماوا کی فروخت روکنے کے لیے قوانین کو مزید سخت کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے سزاؤں میں اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں گٹکا، ماوا فروخت کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے گا کیونکہ اس کے استعمال سے بڑی تعداد میں نوجوان منہ کے کینسر کا شکار ہو رہے ہیں۔
سینئر وزیر سندھ نے بتایا کہ سندھ حکومت پاسکو سے 2 لاکھ 20 ہزار 665 میٹرک ٹن گندم خریدے گی، جبکہ گندم ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
گندم کی ترسیل پر بات کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ ایک صوبے سے دوسرے صوبے میں گندم کی ترسیل نہیں روکی جا سکتی۔انہوں نے کہا کہ ناردرن بائی پاس پر 400 ایکڑ رقبے پر جدید ٹرک اسٹینڈ تعمیر کیا جائے گا، جو ٹرانسپورٹ کے شعبے کے لیے اہم منصوبہ ہوگا۔
شرجیل میمن نےکہا کہ جو وزرا بڑے دعوے کر رہے ہیں وہ عہدے چھوڑ کر انتخابات لڑیں تو عوامی حمایت کا اندازہ ہو جائے گا۔