سونے کے نرخوں میں کمی، فی تولہ قیمت 1800 روپے نیچے آ گئی

05:57 PM, 23 Jul, 2026

کراچی: گزشتہ دو دن مسلسل بڑھنے کے بعد ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر کمی دیکھی گئی ہے۔

صرافہ مارکیٹ کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 1800 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 32 ہزار 36 روپے کا ہو گیا ہے۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 1543 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 70 ہزار 401 روپے مقرر ہو گئی۔

یاد رہے کہ بدھ کے روز سونے کی فی تولہ قیمت میں 4600 روپے کا اضافہ ہوا تھا، جس کے بعد یہ 4 لاکھ 33 ہزار 836 روپے کی سطح پر پہنچ گئی تھی، جبکہ منگل کو بھی سونے کے نرخوں میں 4700 روپے فی تولہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان رہا، جہاں فی اونس قیمت 18 ڈالر کم ہو کر 4096 ڈالر پر آ گئی، جس میں 20 ڈالر پریمیم شامل ہے۔

دوسری جانب چاندی کے دام بھی کم ہوئے، فی تولہ چاندی 33 روپے کمی کے بعد 6370 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں کی تبدیلی، ڈالر کے تبادلے کی شرح اور عالمی معاشی صورتحال کے اثرات کے باعث مقامی سطح پر سونے اور چاندی کے نرخوں میں اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے۔
 

مزیدخبریں