اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فونک گفتگو کی، جس میں بحیرہ احمر کی صورتحال اور سعودی آئل ٹینکرز پر حوثی ملیشیا کے حملوں سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے سعودی آئل ٹینکرز پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف ناقابل قبول ہیں بلکہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی بھی ہیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ بحیرہ احمر میں کسی بھی قسم کی کارروائی جہاز رانی اور عالمی تجارت کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کی سلامتی اور خودمختاری کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان امن، استحکام اور خطے میں تجارتی سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے سعودی عرب سمیت عالمی برادری کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔