لاہور: مون سون کے نئے سلسلے نے پنجاب بھر میں موسم کا رخ بدل دیا۔ لاہور سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں ہونے والی موسلادھار بارش سے گرمی اور حبس کا خاتمہ ہوگیا، جبکہ کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔
لاہور کے ٹاؤن شپ، فیروزپور روڈ، گلبرگ، کینال روڈ اور دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا اور شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا موجودہ سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی برقرار رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں مزید بارشیں متوقع ہیں۔
دوسری جانب گزشتہ روز ہونے والی بارشوں کے دوران پیش آنے والے مختلف حادثات میں پنجاب میں 13 جبکہ خیبرپختونخوا میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔ متعلقہ اداروں نے شہریوں کو خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔