سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں تیزی لائی جائے:وزیراعظم

09:46 PM, 23 Jul, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی اور ریسکیو سرگرمیوں کو فوری طور پر مزید مؤثر اور تیز کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

سرکاری نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہوئے افراد کو رہائش، خوراک اور دیگر بنیادی سہولیات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائیں۔

انہوں نے لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہونے والی اہم شاہراؤں — خصوصاً شاہراہِ قراقرم اور ناران-بابوسر-چلاس روڈ — کی فوری بحالی کا حکم دیا تاکہ آمدورفت بحال کی جا سکے۔

وزیراعظم نے چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کو واضح ہدایت دی کہ جو مسافر سڑکوں کی بندش کے باعث راستے میں پھنسے ہیں، ان کو فوری امداد دی جائے اور ہر ممکن سہولیات پہنچائی جائیں۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ متاثرہ علاقوں میں بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، تاکہ کسی وبا کے خطرے سے بچا جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ آنے والے مون سون اسپیل کے تناظر میں قومی اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ادارے باہمی مشاورت سے مؤثر حکمت عملی ترتیب دیں۔

انہوں نے شہری علاقوں میں ممکنہ شہری سیلاب سے نمٹنے کے لیے میونسپل اداروں کو ہدایت کی کہ نکاسی آب اور سیوریج کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

وزیراعظم نے حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے لیے دعا مغفرت کی۔

مزیدخبریں