مشرق وسطیٰ کا سکون مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل سے جڑا ہے: اسحٰق ڈار

09:45 PM, 23 Jul, 2025

اسلام آباد: نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے قیام کے لیے فلسطین کے تنازعے کا دو ریاستی حل ناگزیر ہے۔

پاکستان کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے غزہ میں انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور بتایا کہ وہاں خواتین اور بچوں سمیت 58 ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مسئلے کا حل صرف اور صرف سیاسی مذاکرات کے ذریعے دو خود مختار ریاستوں کے قیام سے ممکن ہے، جو مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سلسلے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ غزہ میں قحط اور غربت نے عوام کو بری طرح متاثر کیا ہے، اور انسانی امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی کو فوری یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے فلسطین کے لیے یکجہتی اور اصولی موقف کی بھی تصدیق کی۔

اسحٰق ڈار نے شام میں استحکام کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے ایران پر اسرائیلی جارحیت کو تشویش ناک قرار دیا اور کہا کہ طاقت کے یکطرفہ استعمال سے کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ 22 جولائی کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پاکستان کی پیش کردہ قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کیا تھا، جس میں تمام رکن ممالک سے کہا گیا ہے کہ وہ تنازعات کو پرامن طریقوں سے حل کرنے کے لیے مذاکرات، ثالثی یا قانونی اقدامات اختیار کریں۔

مزیدخبریں