کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کے دوران غیریقینی صورتحال غالب رہی۔ دن کا آغاز مثبت ہوا لیکن آخر میں مارکیٹ 165 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ بند ہوئی۔
ابتدائی تجارتی اوقات میں خریداری کے رجحان کے باعث 100 انڈیکس 800 پوائنٹس بڑھ کر 1,40,202 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، تاہم مارکیٹ یہ رفتار برقرار نہ رکھ سکی۔
کاروباری روز کے اختتام پر 100 انڈیکس 165 پوائنٹس کی منفی تبدیلی کے ساتھ 1,39,254 پوائنٹس پر بند ہوا۔
بینکاری، انشورنس اور میوچوئل فنڈز کے شعبوں میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے باوجود مارکیٹ دن بھر غیرمستحکم رہی، اور انڈیکس مثبت و منفی رجحانات کے درمیان جھولتا رہا۔
آج مجموعی طور پر 65 کروڑ شیئرز کا لین دین ہوا، جن کی مالیت 32 ارب روپے کے قریب رہی۔ اسی دوران مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 5 ارب روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا، جو اب 16 ہزار 635 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔