اسلام آباد:ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک نے 2025 کی پہلی سہ ماہی کے دوران پاکستان سے تقریباً 2 کروڑ 49 لاکھ 54 ہزار ویڈیوز کو کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر پلیٹ فارم سے ہٹا دیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، عالمی سطح پر جنوری سے مارچ 2025 کے دوران ٹک ٹاک نے مجموعی طور پر 21 کروڑ 10 لاکھ 97 ہزار 307 ویڈیوز کو پلیٹ فارم سے ڈیلیٹ کیا، جو کل ویڈیوز کے تقریباً 0.9 فیصد کے برابر ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 18 کروڑ 43 لاکھ سے زائد ویڈیوز کو خودکار نظام کے ذریعے شناخت کرکے ہٹایا گیا، جن میں سے 75 لاکھ سے زائد ویڈیوز کو مزید جانچ کے بعد بحال کر دیا گیا۔ ٹک ٹاک نے کہا کہ تقریباً 99 فیصد ویڈیوز پیشگی طور پر حذف کی گئی تھیں اور 94.3 فیصد مواد کو پوسٹ کیے جانے کے 24 گھنٹوں کے اندر ہی ہٹایا گیا۔
پاکستانی صارفین کی ویڈیوز میں سے 95.8 فیصد کو پوسٹ کیے جانے کے 24 گھنٹوں کے اندر ڈیلیٹ کیا گیا۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ حذف کی گئی ویڈیوز میں 30.1 فیصد حساس یا بالغ مواد تھا، 11.5 فیصد ویڈیوز نے پلیٹ فارم کی حفاظت اور شائستگی کے معیارات کی خلاف ورزی کی، جبکہ 15.6 فیصد پرائیویسی اور سیکیورٹی کے قوانین کے خلاف تھیں۔
حذف شدہ ویڈیوز میں 45.5 فیصد کو غلط معلومات کے طور پر نشان زد کیا گیا، اور 13.8 فیصد ویڈیوز ترمیم شدہ میڈیا یا مصنوعی ذہانت سے تیار شدہ مواد تھیں۔