امریکہ کو معلوم ہے کہ پاک بھارت تعلقات کیسے بہتر بنانے ہیں، ٹیمی بروس

03:23 PM, 23 Jul, 2025

واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کشمیر پر پہلے ہی ثالثی کی پیشکش کر چکے ہیں، اور جلد ہی ایک اہم پاکستانی رہنما سے ملاقات بھی شیڈول ہے، جس میں اس مسئلے سمیت دیگر معاملات پر بات چیت ہو گی۔

ٹیمی بروس کا کہنا تھا کہ امریکا خطے کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور جانتا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات کو کیسے مثبت سمت میں لے جانا ہے۔

غزہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حماس کا اثر کمزور ہو چکا ہے، اور بعض عناصر امدادی سامان کو لوٹنے میں بھی ملوث پائے گئے ہیں۔ ان کے مطابق، امریکا کے خصوصی نمائندے وٹکوف جنگ بندی کے سلسلے میں غزہ کا دورہ کریں گے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ دن ضرور آئے گا جب غزہ میں امن قائم ہو گا اور تباہ حال علاقے کی دوبارہ تعمیر شروع ہو سکے گی۔

روس اور یوکرین پر بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ صدر ٹرمپ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست مذاکرات کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں تاکہ جنگ کا پرامن حل نکلے۔ عالمی ادارۂ صحت (WHO) کے حوالے سے ٹیمی بروس نے واضح کیا کہ امریکا عالمی ہیلتھ معاہدے کا حصہ نہیں بنے گا، اور یہ فیصلہ دوٹوک انداز میں بتا دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں