ممبئی: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں ویسٹ انڈین بلے بازوں نے وانکھیڈے اسٹیڈیم کو رنز کے سمندر میں بدل دیا۔ ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کے خلاف 254 رنز کا پہاڑ کھڑا کرنے کے بعد میچ 107 رنز کے بھاری مارجن سے جیت کر سیمی فائنل کی دوڑ میں اپنی دھاک بٹھا دی ہے۔ممبئی کی بیٹنگ فرینڈلی وکٹ پر ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 254 رنز بنائے۔ یہ ورلڈ کپ کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔
کیریبین بلے بازوں نے اننگز میں مجموعی طور پر 19 چھکے اور 16 چوکے جڑے، جس نے زمبابوین بولرز کے حوصلے پست کر دیے۔ شیمرون ہیٹ مائر نے محض 19 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کر کے لیجنڈ کرس گیل کا 23 گیندوں پر ففٹی بنانے کا سابقہ ویسٹ انڈین ریکارڈ چکنا چور کر دیا۔ انہوں نے 34 گیندوں پر 85 رنز کی اننگز کھیلی۔
کپتان رومن پاول نے بھی فرنٹ سے لیڈ کیا اور 29 گیندوں پر 59 رنز بنائے۔ زمبابوے کی جانب سے موزاربانی اور ناگا وارا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا لیکن وہ رنز کی رفتار روکنے میں مکمل ناکام رہے۔ 255 رنز کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم دباؤ کا شکار ہو کر صرف 147 رنز بنا سکی اور اسے 107 رنز کی عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ہیٹ مائر کا تاریخی پاور پلے: ویسٹ انڈیز کا 254 رنز کا مجموعہ، زمبابوے کو ریکارڈ شکست
10:32 PM, 23 Feb, 2026