ممبئی: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں ویسٹ انڈیز نے بیٹنگ کا نیا معیار قائم کرتے ہوئے زمبابوے کے خلاف رنز کا انبار لگا دیا۔ ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں ویسٹ انڈیز نے نہ صرف میچ پر گرفت مضبوط کی بلکہ ورلڈ کپ کی تاریخ کے کئی بڑے ریکارڈز بھی اپنے نام کر لیے۔
زمبابوے کا ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ اس وقت بھیانک ثابت ہوا جب ویسٹ انڈین اوپنرز اور مڈل آرڈر نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف سٹروکس کی برسات کر دی۔ ویسٹ انڈیز نے 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 254 رنز بنائے۔ یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔ (پہلا ریکارڈ سری لنکا کے پاس ہے جس نے 2007 میں 260 رنز بنائے تھے)۔ پوری اننگز میں 19 بلند و بالا چھکے اور 16 دلکش چوکے لگائے گئے۔
میچ کی سب سے بڑی خاص بات شیمرون ہیٹ مائر کی طوفانی اننگز تھی۔ انہوں نے محض 19 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کر کے کرس گیل کا ویسٹ انڈیز کے لیے تیز ترین ففٹی (23 گیندیں) کا 17 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔ ہیٹ مائر نے 34 گیندوں پر 85 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ کپتان رومن پاول نے بھی برق رفتار 59 رنز بنا کر ریکارڈ ساز مجموعے میں اہم کردار ادا کیا۔
زمبابوے کے بولرز وانکھیڈے کی بیٹنگ فرینڈلی وکٹ پر بے بس نظر آئے۔ موزاربانی اور ناگا وارا نے اگرچہ دو دو وکٹیں حاصل کیں، لیکن وہ ویسٹ انڈین بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے سے نہ روک سکے۔
کرس گیل کا ریکارڈ پاش پاش: وانکھیڈے میں ویسٹ انڈین بلے بازوں کا تاریخی پاور شو
09:14 PM, 23 Feb, 2026