لاہور : پنجاب میں پہلی بار مفت میت منتقلی سروس کا آغاز کیا گیا ہے، جس کا مقصد مرحوم کی میت کو ہسپتال سے گھر تک پہنچانا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اس سروس کی منظوری دی گئی۔
اس سروس کے تحت، ہر تحصیل میں کم از کم ایک وین دستیاب ہوگی جسے مرحوم کے اہل خانہ 1122 پر کال کرکے یا ہسپتال کے کاؤنٹر سے حاصل کر سکیں گے۔ اس سروس کا فائدہ یہ ہوگا کہ اہل خانہ کو میت کو ہسپتال سے گھر منتقل کرنے کے لیے کوئی اضافی خرچ نہیں اٹھانا پڑے گا۔
اجلاس میں پرائیویٹ ایمبولینس سروسز کو ریگولر کرنے اور ان کے نرخوں کو متعین کرنے کے حوالے سے بھی بات کی گئی۔ مزید یہ کہ سرکاری ہسپتالوں اور تحصیل سطح پر ایمبولینس سروسز فراہم کرنے کا پلان بھی تیار کیا جائے گا۔
یہ سروس سمارٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے مانیٹر کی جائے گی اور اس میں ہسپتال سے دوسرے شہر میت لے جانے کی سہولت بھی مفت فراہم کی جائے گی۔