بھارتی اے آئی سمٹ: خواب، دعوے اور انتظامی ناپختگی

09:04 AM, 23 Feb, 2026

ملک و قوم کو تعمیر و ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کی را ہوں پر گامزن کرنا اب نہ صرف دنیا کا خواب ہے بلکہ ایشیا سے یورپ تک ہر ملک اس ضمن میں اپنی استعداد کار اور انتظامی قابلیتوں کے بل پر صف اول میں آنے کے کوشاں نظر آرہا ہے۔لیکن بین الاقوامی سطح کے کسی بھی ٹیکنالوجی سمٹ کی کامیابی صرف اعلانات، بڑے ناموں اور تشہیری مہم پر منحصر نہیں ہوتی بلکہ اس کی اصل کسوٹی انتظامی صلاحیت، شفافیت، پیشہ ورانہ تیاری اور اعتماد سازی ہوتی ہے۔ حالیہ بھارتی اے آئی سمٹ کے حوالے سے عالمی خبر رساں ادارے Reutersکی رپورٹنگ میں جن نکات کو اجاگر کیا گیا، وہ اس امر کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ اس تقریب کو کئی سنجیدہ چیلنجز کا سامنا رہا۔
سب سے نمایاں دھچکا اس وقت لگا جب عالمی سطح کی معروف شخصیات نے آخری لمحات میں شرکت منسوخ کی۔ مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے اپنے طے شدہ کلیدی خطاب سے چند گھنٹے قبل عدم شرکت کا اعلان کیا۔ اس کے بعد این ویڈیا کے بانی Jensen Huangکی منسوخی کی خبر بھی سامنے آئی۔ کسی بھی عالمی ٹیکنالوجی ایونٹ میں ایسے بڑے ناموں کی عدم موجودگی نہ صرف علامتی اہمیت رکھتی ہے بلکہ شرکاء  ، سرمایہ کاروں اور میڈیا کی توجہ پر بھی براہِ راست اثر انداز ہوتی ہے۔ جب اعلیٰ سطح کی قیادت اسٹیج پر موجود نہ ہو تو پورے ایونٹ کی ساکھ متاثر ہوتی ہے، چاہے دیگر سرگرمیاں جاری ہی کیوں نہ ہوں۔
رپورٹس میں یہ بھی سامنے آیا کہ سمٹ کے انتظامات میں کئی سطحوں پر کوتاہیاں رہیں۔ نمائشی ہالوں کو اچانک بند کرنا، شرکت کرنے والی کمپنیوں کو بروقت معلومات نہ دینا اور بعض اسٹالز کا ہٹا لیا جانا ،جیسے روبوٹک کتے کے تنازع کے بعد گالگوٹیا کی جانب سے اسٹال ہٹانا،یہ سب ایسے عوامل ہیں جو کسی بھی پیشہ ورانہ تقریب کی منصوبہ بندی پر سوال اٹھاتے ہیں۔ جب نمائش کنندگان، جو اپنی مصنوعات اور تحقیق پیش کرنے آتے ہیں، غیر یقینی صورتحال کا شکار ہوں تو یہ مستقبل کے شرکاء  کے لیے بھی منفی پیغام بن جاتا ہے۔
ایک اور پہلو جس نے بین الاقوامی میڈیا میں توجہ حاصل کی وہ مبینہ طور پر نقل شدہ ٹیکنالوجی کا استعمال تھا، جس میں ایک چینی روبوٹ کے استعمال کا ذکر کیا گیا۔ عالمی اے آئی مقابلے کے ماحول میں جدت اور اصل تحقیق بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ اگر کسی ملک یا ادارے پر نقل یا غیر شفاف ذرائع کے استعمال کا تاثر بھی پیدا ہو جائے تو یہ نہ صرف اس ایونٹ بلکہ مجموعی ٹیکنالوجی ایکوسسٹم کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ بین الاقوامی شراکت دار عموماً انہی پلیٹ فارمز سے جڑنا چاہتے ہیں جہاں تحقیق، دانشورانہ املاک اور معیار کے حوالے سے واضح اور مضبوط اصول موجود ہوں۔
انتظامی سطح پر شہری مشکلات بھی رپورٹ ہوئیں، جیسے  وی آئی پیز کی نقل و حرکت کے باعث سڑکوں کی بندش، ٹریفک میں شدید خلل، اور شرکاء کو دہلی میں ٹیکسی یا شٹل کے بغیر طویل فاصلے پیدل طے کرنے پر مجبور ہونا، یہ سب ایسے مسائل ہیں جو کسی بھی عالمی کانفرنس کے تجربے کو متاثر کرتے ہیں۔ اگر شرکاء کو بنیادی سہولیات مثلاًآمد و رفت، رہنمائی اور رسائی میسر نہ ہوں تو وہ علمی یا کاروباری سرگرمیوں پر پوری توجہ نہیں دے پاتے۔ بڑے ایونٹس میں سکیورٹی اور سہولت کے درمیان توازن برقرار رکھنا ایک اہم انتظامی مہارت ہے۔رپورٹس کے مطابق ابتدائی ہجوم کے بعد مقامِ تقریب کا خالی نظر آنا بھی سوالات کو جنم دیتا ہے۔ کیا پروگرامنگ، سیشنز اور سرگرمیوں میں تسلسل کی کمی تھی؟ کیا شرکت کرنے والے افراد کو ایسا مواد فراہم نہیں کیا گیا جو انہیں پورے دورانیے تک متوجہ رکھ سکے؟ عالمی معیار کے سمٹس میں مواد کی گہرائی، مقررین کا تنوع اور نیٹ ورکنگ کے مواقع وہ عوامل ہوتے ہیں جو شرکاء کو مصروف رکھتے ہیں۔
توانائی اور وسائل کے حوالے سے بھی ماہرین نے خدشات ظاہر کیے کہ اے آئی کی تیز رفتار توسیع بجلی اور پانی کے وسائل پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔ یہ نکتہ کسی ایک ایونٹ سے بڑھ کر قومی پالیسی سے جڑا ہوا ہے۔ ڈیٹا سینٹرز، ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ اور اے آئی انفراسٹرکچر کے لیے بھاری توانائی درکار ہوتی ہے۔ اگر پائیدار توانائی حکمت عملی، گرڈ کی مضبوطی اور آبی وسائل کے انتظام پر بیک وقت توجہ نہ دی جائے تو ٹیکنالوجی کے عزائم عملی مشکلات سے ٹکرا سکتے ہیں۔
سیاسی سطح پر بھی اس سمٹ کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے انتظامی خامیوں پر سوالات اٹھائے گئے، جبکہ بعض رہنماؤں نے انجینئرز اور شرکاء کو طویل فاصلے پیدل چلنے پر مجبور کیے جانے کو ناقابلِ قبول قرار دیا۔ ایسے بیانات ظاہر کرتے ہیں کہ جب کوئی بین الاقوامی ایونٹ توقعات پر پورا نہیں اترتا تو وہ فوری طور پر داخلی سیاسی بحث کا حصہ بن جاتا ہے۔ اس صورت میں ایونٹ محض ٹیکنالوجی کانفرنس نہیں رہتا بلکہ حکومتی کارکردگی کی علامت سمجھا جانے لگتا ہے۔ دوسری جانب ای میل انکشافات اور اعلیٰ شخصیات کی شرکت سے متعلق پہلے کی تردیدوں کے بعد سامنے آنے والی اطلاعات نے بھی اعتماد کے مسئلے کو بھی اجاگر کیا۔ کسی بھی بڑے پروگرام میں شفاف اور بروقت ابلاغ بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ اگر اطلاعات متضاد ہوں یا آخری لمحے کی تبدیلیوں کو مؤثر انداز میں سنبھالا نہ جائے تو افواہیں اور قیاس آرائیاں جنم لیتی ہیں، جو ساکھ کو مزید نقصان پہنچاتی ہیں۔
ان تمام نکات کو یکجا کیا جائے تو تصویر یہ بنتی ہے کہ بھارتی اے آئی سمٹ کو انتظامی ہم آہنگی، پیشگی منصوبہ بندی، بحران سے نمٹنے کی صلاحیت اور مؤثر ابلاغ کے میدان میں چیلنجز کا سامنا رہا ہے۔ یہ کہنا زیادہ مناسب ہوگا کہ ایسے ایونٹس صرف سیاسی عزم یا بڑے اعلانات سے کامیاب نہیں ہوتے، بلکہ ان کے لیے زمینی سطح پر باریک بینی سے تیاری، پیشہ ور ٹیم ورک اور شفاف عمل درآمد درکار ہوتا ہے۔بھارت جیسے بڑے اور ابھرتے ہوئے ٹیکنالوجی مرکز کے لیے یہ واقعہ ایک سبق بن سکتا ہے۔ اگر ان خامیوں کا غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جائے، ذمہ داری کا تعین کیا جائے اور مستقبل کے لیے واضح اصلاحات متعارف کرائی جائیں تو یہی تجربہ آئندہ بہتر منصوبہ بندی کی بنیاد بھی بن سکتا ہے۔ عالمی اے آئی دوڑ میں کامیابی کا انحصار صرف وژن پر نہیں بلکہ اس وژن کو مؤثر انداز میں عملی جامہ پہنانے کی صلاحیت پر ہوتا ہے۔

مزیدخبریں