ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے جنوبی بلوچستان میں سکیورٹی ذمہ داریوں کی موثر ادائیگی کے ساتھ ساتھ عوامی خدمت کے میدان میں بھی ایک کلیدی اور نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ جنوبی بلوچستان جیسے وسیع، حساس اور اہم علاقے میں امن کے قیام کے ساتھ عوامی فلاح وبہبود کو یکساں اہمیت دینا ایک ذمہ دارانہ اور مدبرانہ طرز عمل کی روشن مثال ہے۔ اسی جامع حکمت عملی کے تحت ایف سی بلوچستان (سائوتھ) نے ترقی، استحکام اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے نمایاں اقدامات کیے ہیں۔ جنوبی بلوچستان میں قومی اہمیت کے حامل منصوبے جن میں سی پیک، سیندک، ریکوڈک، سہدل اور دودر کے کاپر اور گولڈ مائن اور دیگر منصوبے شامل ہیں جو ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ علاوہ ازیں میرانی ڈیم، تپک ڈیم، گیشکور ڈیم، گرک ڈیم، شادی کورڈیم اور شاپک ڈیم جیسے اہم آبی منصوبوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانا ایک بنیادی ذمہ داری ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی کی فلاح وبہبود، ان کی ضروریات کا خیال اور ان کے ساتھ مضبوط روابط قائم رکھنا بھی اتنا ہی اہم ہے۔ چنانچہ ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے ان دونوں پہلوؤں کو یکجا کرتے ہوئے عملی اقدامات کو ترجیح دی اور سکیورٹی کے ساتھ ساتھ خدمت انسانیت کو بھی اپنا شعار بنایا۔ اسی خدمت کے تسلسل میں صرف ماہ جنوری 2026 کے دوران جنوبی بلوچستان کے دورافتادہ اور پسماندہ علاقوں میں 298 فری میڈیکل کیمپوں کا انعقاد ایک قابل تحسین مثال ہے، جہاںہزاروں مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ طبی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کے حل اور باہمی رابطے کو مضبوط بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔ اسی مقصد کے تحت جنوری میں 48 جرگوں اور کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا۔ جن میں مقامی عمائدین، معززین علاقہ، خواتین، طلبہ ،نوجوانوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادنے بھرپور شرکت کی اور اپنے مسائل براہ راست پیش کیے۔ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے شکایات کے فوری حل کیلئے عملی اقدامات نے عوام اور ایف سی کے درمیان اعتماد کو مزید مستحکم کیا۔ اسی طرح نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا بھی ترجیحات میں شامل رہا۔ اس سلسلے میں گذشتہ ایک ماہ میںجنوبی بلوچستان بھر میں 38 مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ کرکٹ، فٹبال اور دیگر کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کو صحتمند ماحول فراہم کیا گیا، جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر سکیں۔ ان سرگرمیوں نے نوجوانوں میں جوش و جذبہ پیدا کیا اور انہیں تعمیری سرگرمیوں سے وابستہ رکھا اور معاشی ہم آہنگی کو تقویت دی۔ سماجی ذمہ داری کے احساس کے تحت سرد موسم میں 1500 سے زائد مستحق افراد میں گرم کپڑوں کی تقسیم بھی ایک اہم اقدام تھا۔ شالیں، ٹوپیاں، جرسیاں اور جوتے جیسی اشیاء نے ضرورت مند خاندانوں کو موسم سرماکی سختیوں سے محفوظ رکھنے میںاہم کردار ادا کیا۔ یہ اقدام کمزوراور نادار طبقات کے ساتھ عملی یکجہتی اور احساسِ ہمدردی اور معاشرتی ذمہ داری کا مظہر ہے، جس کے ذریعے انہیں سہارا فراہم کیا گیا۔سماجی بہبود کے ساتھ ساتھ تعلیمی میدان میں بھی عملی اقدامات کیے گئے۔ مختلف اسکولوں کی تزئین و آرائش اوربنیادی سہولیات کی بہتری کا کام کیا گیا، جس سے تعلیمی ماحول میں واضح بہتر ی آئی ۔ صاف ستھرا اور منظم ماحول طلبہ میں سیکھنے کا جذبہ پیدا کرتا ہے۔ جب اسکولوں کی عمارتیں اور سہولیات بہتر ہوتی ہیں تو اس کا مثبت اثر براہِ راست بچوں کی کارکردگی اور اعتماد پر پڑتا ہے۔ یہ اقدامات اس حقیقت کو تقویت دیتے ہیں کہ تعلیم کے فروغ کے بغیر کسی بھی علاقے کی ترقی ممکن نہیں۔اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی بلوچ نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع سے متعلق سیمینار کا انعقاد تھا،جس میں نوجوانوں کو یہ آگاہی فراہم کی گئی کہ جنوبی بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے روزگار کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہیں مختلف شعبہ جات، مہارتوں اور مواقع کے بارے میں رہنمائی فراہم کی گئی تاکہ مستقبل کے حوالے سے واضح سمت اختیار کر سکیں۔ اس نوعیت کی رہنمائی نوجوانوں کو عملی میدان میں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتی ہے اور انہیں تعمیری کردار ادا کرنے ترغیب فراہم کرتی ہے۔ مزید برآں رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بیواؤں، یتیموں اور سیکڑوں مستحق خاندانوں میں رمضان پیکیج تقسیم کیا گیا۔ بنیادی اشیائے خورونوش کی فراہمی نے ضرورت مند خاندانوں کو باعزت طریقے سے روزے رکھنے کا موقع دیا۔ یہ اقدام معاشرتی ہم آہنگی اور خدمت خلق کی روشن مثال ہے، جس کے ذریعے مستحق طبقات کی ضروریات کا خیال رکھا گیا۔اسی خدمت کے تسلسل میں پنجگور کے علاقے غریب آباد میں حضرت شاہو قلندر کادربارجو طویل عرصے سے عدم توجہی کی وجہ سے خستہ حالی کا شکار ہوکر کھنڈرات کی صورت اختیار کرچکا تھا ،اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ایف سی بلوچستان (سائوتھ)نے اس کی ازسر نو تزئین و آرائش کا کام بھی انجام دیا گیا۔ اس اقدام نے مذہبی اور ثقافتی وابستگی کے اظہار کو تقویت دی اور مقامی سطح پر مثبت اثرات مرتب کیے۔ مجموعی طور پر دیکھا جائے تو ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے اپنی تعیناتی کے علاقوں میں امن وامان کے قیام کے ساتھ ساتھ عوامی خدمت کو بھی بھرپور،منظم اور مربوط انداز میں آگے بڑھایا ہے۔ صحت، تعلیم، کھیل، سماجی بہبود اور روزگار کے شعبوں میں کی جانے والی سرگرمیاں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ ایف سی بلوچستان (سائوتھ) نے عوامی خدمت کو اپنے فرائض کا لازمی حصہ بنایا ہے۔ بلاشبہ ملک کی بقا و سلامتی ہو یادہشتگردی کے سائے ہوں یا پھر کسی بھی قسم کی قدرتی آفات، ایف سی (سائوتھ) کے جوانوں نے ہمیشہ لبیک کہتے ہوئے بلوچ بھائیوں کی مدد کی ہے۔ اور ایسے منصوبوں کا آغاز کیا جس سے یہاں کے نوجوان اپنے پائوں پر کھڑے ہوکر ملکی اور عوامی خدمت میں اپنا بھرپور کر دار ادا کر سکے۔
’’ایف سی بلوچستان(سائوتھ)عوامی خدمت میں پیش پیش‘‘
09:03 AM, 23 Feb, 2026