لاہور: لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں علیمہ خان پر 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق مقدمے میں فرد جرم عائد کرنے کے خلاف اپیل دائر کردی گئی۔ یہ اپیل علیمہ خان نے اپنے وکیل فیصل ملک ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر کی۔
سماعت کے دوران جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس سلطان محمود پر مشتمل بنچ نے کیس کی کارروائی کی۔ رجسٹر آفس نے درخواست کے ساتھ ایف آئی آر کی تصدیق شدہ کاپی نہ ہونے پر اعتراض کیا، جس پر عدالت نے علیمہ خان کے وکیل کو ہدایت کی کہ ضروری دستاویزات مکمل کریں۔
اپیل میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ علیمہ خان کی غیر موجودگی میں ان پر فرد جرم عائد کرنا قانونی طور پر درست نہیں، اور عدالت سے درخواست کی گئی کہ ٹرائل کورٹ کو حکم دیا جائے کہ فرد جرم کا عمل دوبارہ قانونی طریقے سے مکمل کیا جائے اور درخواست گزار کو سنا جائے۔
عدالت نے وکیل صفائی کو رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کی، اور کہا کہ جب دستاویزات مکمل ہو جائیں گی، تب درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کیا جائے گا۔