ماہرین نے لیموں کی شکل والا سیارہ دریافت کرلیا

01:59 PM, 23 Dec, 2025

کیلیفورنیا : ماہرین فلکیات نے ناسا کی جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ کی مدد سے ایک نیا اور انتہائی عجیب سیارہ دریافت کیا ہے، جو لیموں کی شکل سے ملتا جلتا ہے۔ اس سیارے کا نام PSR J2322-2650b رکھا گیا ہے اور اسے یونیورسٹی آف شکاگو کے سائنسدانوں نے دریافت کیا ہے۔

اس سیارے کی سب سے بڑی خاصیت یہ ہے کہ یہ اپنے مرکزی ستارے کے قریب، صرف 10 لاکھ میل کے فاصلے پر گھوم رہا ہے، جو زمین اور سورج کے درمیان فاصلے کا تقریباً 100 گنا کم ہے۔ اس کا ایک سال صرف 7.8 گھنٹے کا ہے، یعنی یہ سیارہ بہت تیز رفتار سے اپنے مدار میں گھوم رہا ہے۔

یہ سیارہ ایک پلسر ستارے کے گرد گھوم رہا ہے، جو ایک تیز رفتار نیوٹرون ستارہ ہوتا ہے۔ اس ستارے کی کششِ ثقل کی وجہ سے سیارے کی شکل بیضوی (لیموں کی شکل) ہو گئی ہے۔

اس سیارے کا ایٹموسفئیر بھی خاص ہے، جس میں ہیلیئم اور کاربن کی بڑی مقدار موجود ہے۔ اس کی وجہ سے اس سیارے پر بہت تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔ ماہرین کے مطابق، اس سیارے کی خصوصیات ستاروں اور سیاروں کے درمیان موجود روایتی فرق کو دھندلا کر سکتی ہیں، اور یہ فلکیات کے میدان میں ایک نیا چیلنج پیش کرتی ہیں۔

مزیدخبریں