اسلام آباد:عدالت نے طیارہ حادثے میں نجی ایئر لائن کی 8 اپیلیں خارج کر دیں

10:42 AM, 23 Dec, 2025

اسلام آباد: 2010 میں پیش آنے والے طیارہ حادثے کے معاملے میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے متاثرین کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے نجی ایئر لائن کی 8 اپیلیں خارج کر دیں اور ایئر لائن کو مجموعی طور پر 5 ارب 41 کروڑ 78 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈاکٹر رسول بخش میرجت کی سربراہی میں یہ فیصلہ دیا، جس میں ایئر لائن کی تمام اپیلیں مسترد کر دی گئیں۔ عدالت نے طیارہ حادثے میں ہونے والے نقصانات کے حوالے سے متاثرین کو مالی معاوضہ دینے کا حکم دیا اور ایئر لائن پر 80 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔

فیصلے کے مطابق، سمیرا نوید چوہدری اور دیگر متاثرین کو مختلف رقم بطور ہرجانہ دی جائے گی۔ سمیرا نوید چوہدری اور ان کے ساتھیوں کو 143.189 ملین روپے، راشد ذوالفقار اور دیگر متاثرین کو 630.94 ملین روپے، جبکہ محمد الیاس کو 1.1 ارب روپے کے قریب ہرجانہ دیا جائے گا۔

یہ فیصلہ سول جج کے پہلے فیصلے کے بعد آیا ہے جس میں متاثرین کو ایک کروڑ روپے تک معاوضہ دیا گیا تھا، لیکن متاثرین نے اس فیصلے کے خلاف اپیل کی تھی۔ اس فیصلے میں عدالت نے متاثرین کے حق میں فیصلہ سنایا اور ایئر لائن کو اس کی غفلت کی سزا دی۔

یہ کیس ہائیکورٹ میں بھی زیر سماعت تھا، جہاں ہائیکورٹ نے اپنے دائرہ اختیار کے تحت معاملہ سیشن کورٹ کو واپس بھیج دیا تھا۔

مزیدخبریں