خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں برفباری کا سلسلہ جاری

01:22 PM, 23 Dec, 2025

پشاور : خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جس نے ان علاقوں کو ایک خوبصورت سفید چادر میں ڈھانپ لیا ہے۔ خیبر پختونخوا کے ضلع دیر میں سیاحوں نے برفباری کا لطف اٹھانے کے لیے لواری ٹنل کا رخ کیا ہے۔ سوات، کالام، مالم جبہ اور ان کے ارد گرد کے پہاڑوں پر برف باری کے بعد پورا منظر سفید ہو گیا ہے۔

ایبٹ آباد اور گلیات کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی، جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں کمی آئی اور سردی کی شدت بڑھ گئی۔ پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے دیگر اضلاع میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہا۔

آزاد کشمیر کی وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں برفباری نے وادیوں کو ڈھانپ لیا ہے۔ اپر نیلم، اڑنگ کیل اور دیگر علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے سردی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔چلاس کے بالائی علاقے بھی گزشتہ رات سے برفباری کا سامنا کر رہے ہیں، جس سے سردی کی شدت میں اور اضافہ ہوا ہے۔

مزیدخبریں