ممبئی : ہالی ووڈ کی مشہور جوڑی نک جوناس اور پرینکا چوپڑا نے پاکستان کی لیجنڈ پاپ گلوکارہ نازیہ حسن کو ایک دل کو چھو لینے والی ویڈیو کے ذریعے خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ یہ ویڈیو نہ صرف سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی بلکہ پاکستانی موسیقی کی دنیا میں بھی دوبارہ دلچسپی پیدا کر دی۔
نک جوناس نے 22 دسمبر کو اپنے انسٹاگرام پر ایک جذباتی ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ اپنے بھائی جو جوناس اور اہلیہ پرینکا چوپڑا کے ساتھ نازیہ حسن کے مشہور گانے "آپ جیسا کوئی" پر خوشی سے جھوم رہے ہیں۔ یہ گانا 1979 کی بھارتی فلم قربانی کا حصہ تھا اور نازیہ حسن کا سب سے بڑا ہٹ گانا بن گیا تھا۔
ویڈیو کے شیئر ہونے کے بعد مداحوں کی جانب سے بے شمار مثبت تبصرے سامنے آئے۔ ایک صارف نے کہا، "یہ گانا وہ ہے جس نے برصغیر میں پوپ میوزک کو متعارف کرایا"، جبکہ دوسرے نے نازیہ حسن کو "حقیقی آئیکون" قرار دیا۔ ایک اور صارف نے لکھا، "پاکستانی موسیقی کبھی مایوس نہیں کرتی۔"
نازیہ حسن کو ایشیائی پاپ میوزک کی بانیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ وہ 13 اگست 2000 کو لندن میں پھیپھڑوں کے کینسر کے باعث 35 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں، لیکن ان کی موسیقی آج بھی دنیا بھر میں سنی اور پسند کی جاتی ہے۔