چترال: کیلاش قبیلے کا روایتی مذہبی و ثقافتی تہوار "چاموس" اس سال بھی بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ یہ تہوار کیلاش کی تین وادیوں رمبور، بریر اور بمبوریت میں ہوا، جہاں مقامی لوگ اور سیاحوں نے اسے روایتی انداز میں منایا۔
تہوار کے دوران مختلف مذہبی رسومات ادا کی گئیں جو کیلاش قوم کی ثقافت اور عقائد کا اہم حصہ ہیں۔ اس سال کی چاموس تہوار میں نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور کیلاش کی منفرد ثقافت کو قریب سے دیکھنے کا موقع حاصل کیا۔
محکمہ سیاحت کے مطابق، سیاحوں کی سہولت اور حفاظت کے لیے ٹورازم پولیس نے بھرپور انتظامات کیے، جبکہ لواری ٹنل اور کیلاش وادیوں میں پولیس نے سکیورٹی اور ٹریفک ڈیوٹی بھی انجام دی۔
چاموس تہوار کو موسمِ سرما کے استقبال اور خوشی کی علامت کے طور پر منایا گیا۔ اس موقع پر محبت، اتحاد اور امن کا پیغام پھیلانے کے لیے مقامی افراد نے ایک دوسرے کے درمیان پھل، سبزیاں اور خشک میوہ جات تقسیم کیے۔
کیلاش ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے بھی سیاحوں کے لیے مختلف سہولتیں فراہم کیں تاکہ تہوار کا ماحول خوشگوار اور پرامن رہے۔