لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی امراء میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے ملاقات کی، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک تھیں۔ تقریباً دو گھنٹے جاری رہنے والی ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، حکومتی معاملات اور پارٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں حکومت کی آئندہ سیاسی حکمت عملی اور آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے معاملات پر خصوصی مشاورت کی گئی۔ آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے انتخاب اور حکومت سازی کے لیے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کی وزارتِ عظمیٰ کے لیے شاہ غلام قادر اور طارق فاروق کے ناموں پر غور کیا گیا، جبکہ نئے وزیراعظم کے نام کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے بھی مشاورت آگے بڑھائی گئی۔
ملاقات میں مسلم لیگ ن کے تنظیمی اور سیاسی معاملات سمیت آئندہ کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ پارٹی قیادت نے موجودہ سیاسی صورتحال میں باہمی رابطہ اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔