لاڑکانہ: لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عوامی مشکلات کے حل کے لیے نئے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
انہوں نے یونین کونسل وارث ڈینو کا دورہ کیا جہاں گاؤں خیر محمد بروہی کے رہائشیوں سے ملاقات کی اور سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے زیر تعمیر گھروں کا جائزہ لیا۔ بلاول بھٹو نے مقامی لوگوں کی خیریت دریافت کی اور ان کے مسائل سنے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ حکومت نے اپنے وعدے کو عملی جامہ پہنانا شروع کر دیا ہے اور کئی خاندانوں کو نئے گھر فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ دیگر مکانات کی تعمیر بھی جاری ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ جلد از جلد یہ گھروں کی تعمیر مکمل کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گھروں کی تکمیل کے بعد سولر سسٹم نصب کیے جائیں گے تاکہ متاثرین کو توانائی کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ بلاول بھٹو نے یقین دلایا کہ سندھ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مزید نئے منصوبے لے کر آئے گی۔