اسلام آباد:پاکستان کی دو بڑی سیاسی جماعتوں، پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے آئندہ ضمنی انتخابات میں مشترکہ انتخابی حکمت عملی اپنانے کا اعلان کر دیا ہے۔ دونوں جماعتوں کے مابین نشستوں کی تقسیم سے متعلق معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت مخصوص حلقوں میں باہمی تعاون سے امیدوار میدان میں اتارے جائیں گے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے پریس کانفرنس میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے وفد کی آمد باعث مسرت ہے اور ملاقات میں ضمنی انتخابات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں جماعتیں اتفاق شدہ فارمولے کے تحت انتخابی عمل میں شریک ہوں گی۔
راجہ پرویز اشرف کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی حالات میں مشترکہ لائحہ عمل اپنانا وقت کی ضرورت ہے، تاکہ جمہوریت کا تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر حنیف عباسی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے مابین سیاسی اشتراک اور ہم آہنگی نہ صرف پارلیمانی سطح پر ہے بلکہ اب انتخابی میدان میں بھی اس کا مظاہرہ ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ جس حلقے میں کسی جماعت کا امیدوار گزشتہ انتخابات میں دوسرے نمبر پر رہا ہو، وہاں وہی جماعت امیدوار کھڑا کرے گی، جبکہ دوسری جماعت اس کی بھرپور حمایت کرے گی۔
حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ یہ انتخابی فارمولہ دونوں جماعتوں کی قیادت کے درمیان مکمل مشاورت اور اتفاق رائے سے تشکیل دیا گیا ہے، جو مستقبل میں بھی سیاسی تعاون کی بنیاد بن سکتا ہے۔
تجزیہ کار اس سیاسی شراکت کو حکومت کی انتخابی پوزیشن مضبوط کرنے کی ایک حکمت عملی قرار دے رہے ہیں، جو آئندہ انتخابات میں مخالفین کے لیے چیلنج بن سکتی ہے۔