پنجاب کے نجی اسپتالوں میں کلوزڈ سرکٹ کیمروں کی تنصیب کا فیصلہ

07:05 PM, 23 Aug, 2025

لاہور: پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے صوبے کے تمام نجی اسپتالوں کو سیکیورٹی اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اپنے مراکز میں کلوزڈ سرکٹ کیمرے (CCTV) نصب کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

کمیشن کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اسپتالوں کے حساس اور اہم مقامات پر مؤثر نگرانی کے لیے کیمرے لگائے جائیں۔ ان مقامات میں ایمرجنسی وارڈ، آئی سی یو، نرسری، ویٹنگ ایریا، داخلی راستے اور مرکزی راہداریاں شامل ہیں۔

مراسلے میں اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ ریکارڈ شدہ ویڈیوز کو کم از کم 40 دن تک محفوظ رکھا جائے، تاکہ کسی بھی شکایت یا قانونی تقاضے کی صورت میں شواہد دستیاب ہوں۔

ہیلتھ کیئر کمیشن نے واضح کیا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج صرف قانونی یا تحقیقاتی مقاصد کے تحت ہی استعمال کی جائے گی، اور کیمرے نصب کرتے وقت مریضوں کی نجی زندگی اور رازداری کا مکمل لحاظ رکھا جائے گا۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف اسپتالوں میں نظم و ضبط کو بہتر بنانے میں مددگار ہوگا بلکہ مریضوں کے اعتماد میں اضافے اور انتظامی احتساب کو بھی فروغ دے گا۔

مزیدخبریں