اینڈرائیڈ فونز میں گوگل کی کال ایپ میں غیر متوقع تبدیلی، صارفین حیران

06:10 PM, 23 Aug, 2025

اسلام آباد:حالیہ دنوں میں پاکستان اور بھارت میں اینڈرائیڈ فون استعمال کرنے والے کئی صارفین نے اپنے موبائل فون کی کال ایپ میں اچانک تبدیلی محسوس کی ہے، جس نے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی ہے۔

صارفین نے شکایت کی ہے کہ کال کرنے یا موصول ہونے پر ان کے فون کا ڈسپلے پہلے کی طرح نظر نہیں آ رہا، اور کال لاگ یا فیورٹ نمبرز جیسی آپشنز غائب ہو گئی ہیں۔ اب صرف دو آپشنز "ہوم" اور "کی پیڈ" دکھائی دے رہے ہیں۔


کئی صارفین نے اس اچانک تبدیلی کو ہیکنگ یا کسی وائرس کا نتیجہ سمجھا، لیکن اصل وجہ کچھ اور ہے۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق، یہ تبدیلی گوگل کی ایک نئی اپڈیٹ کا حصہ ہے، جسے کمپنی نے چند ماہ قبل ہی متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔


گوگل نے اینڈرائیڈ ایپس کو جدید اور سادہ بنانے کیلئے ایک نئے ڈیزائن سسٹم پر کام شروع کیا ہے جسے "مٹیریل تھری ایکسپریسیو" کہا جا رہا ہے۔ اس اپڈیٹ کا مقصد ایپس کے انٹرفیس کو زیادہ واضح، تیزرفتار اور صارف دوست بنانا ہے۔

اسی سلسلے میں گوگل نے اپنی فون ایپ میں "ریسنٹ" اور "فیورٹ" جیسی آپشنز کو ختم کر کے ان تمام فیچرز کو "ہوم" میں شامل کر دیا ہے تاکہ صارف کو ایک ہی جگہ تمام معلومات دستیاب ہوں۔


گوگل کے مطابق صرف کال ایپ ہی نہیں، بلکہ دیگر ایپس جیسے جی میل، گوگل فوٹوز، نوٹیفکیشن سیٹنگز، تھیمز اور واچ ایپ میں بھی بتدریج تبدیلیاں کی جائیں گی تاکہ تمام ایپس کا ڈیزائن ایک جیسا اور آسان ہو۔


ماہرین نے واضح کیا ہے کہ یہ اپڈیٹ گوگل کی آفیشل اپڈیٹ ہے اور اس کا کسی ہیک، وائرس یا سیکیورٹی خطرے سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ تبدیلی مکمل طور پر محفوظ ہے اور صارفین کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔


جو صارفین نئے انٹرفیس سے مطمئن نہیں، وہ گوگل کو فیڈبیک دے سکتے ہیں یا گوگل فون ایپ کے متبادل استعمال کر سکتے ہیں جیسے:

Truecaller
Simple Dialer
یا پرانی APK فائل انسٹال کرنے کی کوشش (گو کہ یہ وقتی حل ہے)

مزیدخبریں