اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملکی معیشت بہتری کی راہ پر گامزن ہے اور حکومت سرمایہ کاروں اور تاجروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ اس وقت ملک کے 10 سے 15 فیصد افراد ڈیجیٹل کاروبار سے مستفید ہو رہے ہیں، اور آنے والے دنوں میں ڈیجیٹل اثاثوں کا رجحان نمایاں طور پر بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل سرمایہ کاری تیز، کم لاگت اور زیادہ شفاف ہوتی ہے، جس کے لیے موجودہ ریگولیشنز کو بہتر بنانا وقت کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا بینکاری نظام دیگر ممالک کے مقابلے میں پیچیدہ ہے، تاہم حکومت سرمایہ کاری میں آسانی پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ وزیر خزانہ نے کرپٹو مائننگ سے متعلق حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس مقصد کے لیے ایک کرپٹو کونسل بھی قائم کر دی گئی ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ مستقبل میں ڈیجیٹل معیشت قومی ترقی کا اہم ستون بنے گی، جس میں شفافیت، ضابطہ کاری اور سہولت بنیادی کردار ادا کریں گے۔