تربت :فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کے ضلع تربت کا دورہ کیا، جہاں انہیں سیکیورٹی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور سماجی و اقتصادی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل کو "فتنہ الہندوستان" کے خلاف جاری آپریشنز میں حاصل کامیابیوں اور علاقائی سیکیورٹی کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا گیا۔ فیلڈ مارشل نے مقامی امن و استحکام کے قیام اور ترقیاتی اقدامات کے لیے سول و عسکری اداروں کے باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
دورے کے دوران ان کی ملاقات وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، چیف سیکریٹری اور دیگر اعلیٰ سول و فوجی حکام سے ہوئی۔ ملاقات میں عوامی فلاح، گڈ گورننس اور ترقیاتی منصوبوں میں شراکت داری پر گفتگو ہوئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ بلوچستان کے عوام کی فلاح اور صوبے کی پائیدار ترقی پاک فوج کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے سول انتظامیہ کے ساتھ ہم آہنگی میں کام کرنے کی ضرورت کو اجاگر کیا تاکہ علاقے میں ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔