ممبئی: بالی ووڈ کے مایہ ناز اور عالمی شہرت یافتہ اداکار امیتابھ بچن نے کہا ہے کہ 83 سال کی عمر میں بھی مصروف رہنا اور کام جاری رکھنا زندگی کی حقیقی پہچان ہے۔
اپنے ذاتی بلاگ میں انہوں نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے لکھا کہ اس عمر میں جسمانی طور پر کچھ محدودیات کے باوجود کام کرنا ان کے لیے سب سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے اور وہ اسے زندگی کا بنیادی جوہر تصور کرتے ہیں۔
83 سالہ اداکار کے مطابق محنت اور کام ہی زندگی کی اصل روح ہے، خواہ وہ تخلیقی سرگرمی ہو یا جسمانی مشقت، اور مسلسل مصروف رہنا انسان کو مثبت انداز میں آگے بڑھنے میں مدد دیتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ صبح کے اوقات تخلیقی سوچ کے لیے بہترین ہوتے ہیں، تاہم ان کے نزدیک اصل ترجیح ہمیشہ کام ہی رہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “کام ہی زندگی کا جوہر ہے اور اس عمر میں بھی سرگرم رہنا نہایت ضروری ہے۔”
اس سے قبل فروری میں بھی امیتابھ بچن نے کہا تھا کہ وہ اس وقت تک کام کرتے رہیں گے جب تک ان میں صلاحیت موجود ہے، کیونکہ فارغ رہنے سے منفی خیالات پیدا ہو سکتے ہیں۔