مصطفیٰ عامر قتل کیس: منشیات سمگلنگ نیٹ ورک کا پردہ فاش، ملزم نے اہم انکشافات کیے

03:58 PM, 23 Apr, 2025

کراچی: مصطفیٰ عامر کے قتل کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ تفتیش کے دوران ملزم علی خان نے اس بات کا انکشاف کیا کہ ارمغان قریشی کو منشیات فراہم کرنے کے لیے بلوچستان سے کراچی تک سمگلنگ کی جاتی تھی۔ علی خان نے حکام کو بتایا کہ یہ نیٹ ورک شاہ فہد اور اس کی بیوی کی سربراہی میں اسلام آباد سے چل رہا تھا۔

ملزم نے تفصیل سے بتایا کہ کوکین کی قیمت بلوچستان میں 85 لاکھ روپے فی کلو تھی، اور اس کو مختلف شہروں بشمول کراچی، لاہور، پشاور اور اسلام آباد میں سپلائی کیا جاتا تھا۔ علی خان نے یہ بھی بتایا کہ ایک گرام کوکین 16 سے 18 ہزار روپے میں فروخت کی جاتی تھی اور ایک کلو کوکین سے تقریباً ایک کروڑ روپے کا منافع حاصل ہوتا تھا۔

مزید برآں، علی خان نے بتایا کہ شاہ فہد کا بھائی شاہ رخ بھی شاہ فیصل میں منشیات کی سپلائی میں ملوث ہے اور وہ ارمغان قریشی کو بھی منشیات فراہم کرتا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس کیس کے بعد شاہ فہد اور اس کے کارندے انڈر گراؤنڈ جا چکے ہیں۔ تاہم، علی خان کو حال ہی میں سپیشلائزد انویسٹی گیشن یونٹ نے گرفتار کیا تھا۔ پولیس کے مطابق مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس نیٹ ورک کے باقی ارکان کو بھی گرفتار کیا جا سکے اور پورے منشیات کے سمگلنگ نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جا سکے۔

مزیدخبریں